“چوہدری عامر سلطان چیمہ سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں — کرپشن، ویگو ڈالا سسٹم اور بے جا پروٹوکول کے خلاف بیا 220

کرپشن، ویگو سسٹم اور پروٹوکول نے ملک کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا : چوہدری عامر سلطان چیمہ

سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے میں سب سے بڑا کردار کرپشن، ویگو ڈالا سسٹم اور بے جا پروٹوکول کا ہے۔ ان کے مطابق ملک کو بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ان ناسوروں کو جڑ سے ختم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم ہو اور ریاست کو اندرونی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔

ریڑھی والے پر ایکشن، بڑے مافیا پر خاموشی

چوہدری عامر سلطان چیمہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ایک 17 گریڈ کا آفیسر چار گن مینوں کے ساتھ ویگو ڈالے میں بیٹھ کر ریڑھی والے کو ریٹ لسٹ پر عمل نہ کرنے پر پکڑ لیتا ہے، مگر کسی بڑے کارخانہ مالک کو آج تک کسی نے نہیں پکڑا۔”
ان کے مطابق یہی وہ رویہ ہے جو معاشرے میں نفرت کو فروغ دے رہا ہے۔

عوامی ریلیف ہی واحد حل

انہوں نے کہا کہ اگر عوام کو بنیادی سہولتیں نہ ملیں تو نہ سیاست بچے گی اور نہ سسٹم۔ سوشل میڈیا پر عوامی غم و غصہ ایک الارمنگ سچویشن ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

یہ پروٹوکول اور شاہانہ زندگیاں ہمیں ووٹرز کے ووٹ سے ملی ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم انہیں کم از کم بنیادی سہولتیں تو فراہم کریں۔

تینہرا نظام تباہی کا پیش خیمہ

چوہدری عامر سلطان چیمہ نے مزید کہا کہ “جس ملک میں دو نہیں بلکہ تین نظام چلیں، وہاں معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے۔ غریب کے لیے سرکاری ہسپتال میں ڈسپرین بھی نہیں جبکہ اشرافیہ معمولی سر درد کے لیے لندن جاتی ہے۔ یہ طبقاتی فرق ریاست کے لیے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔”

اندرونی بغاوت سے بچنے کا آخری موقع

ان کے مطابق پاکستان کے دشمن خون خوار بھیڑیوں کی طرح گھات لگائے بیٹھے ہیں، اگر عوام کو فوری ریلیف نہ دیا گیا تو اندرونی بغاوت سے بچنا مشکل ہو جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ “لوگ جب بنیادی ضروریات اور انصاف سے محروم ہوں گے تو وہ سسٹم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔ آج ہم سوشل میڈیا پر دیکھ رہے ہیں کہ افسران پر حملے ہو رہے ہیں، ٹریفک پولیس پر تشدد ہو رہا ہے۔”

انصاف اور سہولتوں کا نظام

چوہدری عامر سلطان چیمہ نے آخر میں کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں انصاف کا بول بالا کیا جائے، بصورت دیگر حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

یہ ہمارا آخری موقع ہے کہ ہم عوام کو ریلیف دیں، ورنہ تماشہ دیکھنے کے لیے ہم سب تیار رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں