311

سرگودھا: تیز رفتار کار نہر میں جاگری، دو افراد جاں بحق

تحصیل کوٹ مومن کے نواحی گاؤں گلا پور بنگلہ میں تیز رفتاری کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جس نے دو قیمتی انسانی جانیں لے لیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک تیز رفتار کار پل کراسنگ کے دوران اچانک بے قابو ہو کر سیدھی نہر میں جاگری۔

حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چار افراد میں سے دو اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم دو افراد ڈوب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے گاڑی اور لاشوں کو نہر سے باہر نکالا۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 45 سالہ محمد خان اور 38 سالہ نوید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور نعشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹ مومن منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ اوور سپیڈنگ بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

مقامی شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں غیر ضروری رفتار اور لاپرواہی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں