سرگودھا (ملک فضل) نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس گردی اور غنڈہ گردی کے خلاف سرگودھا پریس کلب کے باہر صحافیوں نے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر صحافیوں اور کیمرا مینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت و پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ اسلام آباد پریس کلب پر حملہ دراصل پورے ملک کے تمام پریس کلبز اور صحافیوں پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادی صحافت پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کی جائے گی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری، جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان، اسجد منیر چوہدری، مجاہدبخاری,میاں محمد الیاس، ایم احسان الحق، سلیمان معظم،ملک فضل جنجوعہ ،محمود ڈوگر، شیخ محمد عثمان،رانا افضل حنیف، بشیر شاد انصاری،تصور ملیانہ ،عقیل خان ، ملک شاہنواز جالپ ، عمران گوئندی اور دیگر مقررین نے کہا کہ صحافی برادری کسی بھی ادارے یا صحافی پر حملے کو اپنے اوپر حملہ تصور کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا احتجاج علامتی ہے، لیکن اگر نیشنل پریس کلب پر حملہ کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی دھرنا دیا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ آزادی صحافت کو دبانے کی ہر کوشش ماضی میں ناکام رہی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنے والے ہمیشہ رسوائی کے ساتھ تاریخ کے اوراق میں دفن ہو جاتے ہیں۔

- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل