سرگودھا: تھانہ ساجد شہید پولیس نے منشیات فروشوں اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں چرس اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران منشیات فروش حسن سے ایک کلو 440 گرام چرس جبکہ فیضان نامی ملزم سے 30 بور پستول برآمد ہوا۔ دونوں ملزمان کے خلاف منشیات فروشی اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے کہا کہ منشیات فروشوں اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ترجمان سرگودھا پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد شہر کو جرائم سے پاک بنانا اور منشیات کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔