1,222

سلانوالی میں پرانا کنواں بیٹھ گیا، 3 مزدور مٹی تلے دب کر جاں بحق

سرگودھا (فاسٹ نیوز) — سلانوالی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک پرانا کنواں اچانک بیٹھ گیا، جس کے نتیجے میں تین مزدور مٹی کے تودے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چک نمبر 37 موڑ کے قریب پنجاب کالج سلانوالی کے سامنے پیش آیا۔ تین مزدور پرانے کنویں سے اینٹیں نکالنے میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا بڑا حصہ بیٹھ گیا اور وہ اس کے نیچے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا کر لاشیں نکالنے کی کوششوں میں مصروف رہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت 24 سالہ احمد بخش، 40 سالہ عصمت اللہ اور 42 سالہ محمد ارشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا۔

علاقے میں اس دلخراش واقعے کے بعد سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مزدوروں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں