سرگودھا کی مختلف یونین کونسلز میں لوکل گورنمنٹ افسران کی مبینہ نااہلی اور بدعنوانی کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ معتبر ذرائع کے مطابق کئی یونین کونسل سیکرٹریز نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے اجرا کے لیے مبینہ طور پر “فکس ریٹ” طے کر رکھے ہیں جن کے تحت عوام سے بھاری رشوت وصول کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق برتھ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے عام شہریوں سے ہزاروں روپے رشوت لی جاتی ہے، جبکہ افسرانِ بالا ان غیر قانونی سرگرمیوں پر مکمل طور پر خاموش ہیں۔ اس صورتحال نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اور محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو لوکل گورنمنٹ دفاتر میں کرپشن مزید بڑھ جائے گی۔
عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل کا نوٹس لے اور عام شہریوں کو انصاف فراہم کیا جائے تاکہ سرکاری دفاتر میں شفافیت اور اعتماد بحال ہو سکے۔