سرگودھا میں 2 روزہ زرعی نمائش و کسان میلہ کا آغاز
سرگودھا (ملک فضل) — چیمبر آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر پاکستان کے زیر اہتمام سرگودھا آرٹس کونسل میں 2 روزہ زرعی نمائش و کسان میلہ کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ سلمیٰ بٹ تھیں، جنہوں نے اسٹالز کا دورہ کیا اور جدید زرعی طریقہ کار کو سراہا۔
کسانوں کی بھرپور شرکت — محکموں اور اداروں کے اسٹالز پر رش
میلہ میں محکمہ زراعت سمیت مختلف محکموں اور نجی اداروں کے اسٹالز لگائے گئے جہاں جدید کاشتکاری، کھادوں، بیجوں، اسپرے اور مشینری کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ کسانوں کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
حکومت کاشتکاروں کے لیے سہولیات فراہم کر رہی ہے — سلمیٰ بٹ
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ بٹ نے کہا کہ:
“کسانوں کو بااختیار بنانا، پیداواری لاگت میں کمی اور جدید کاشتکاری کے فروغ کے لیے اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ ایسے میلوں کے ذریعے کسانوں کو جدید رجحانات اور ٹیکنالوجی سے آگاہی ملتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس حوالے سے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے لیے جدید آلات کی فراہمی اور سبسڈی پروگرام ماضی میں نہ ہونے والے اقدامات ہیں۔
چیمبر آف ایگریکلچر کی خدمات کا اعتراف
چیئرمین چیمبر آف ایگریکلچر پاکستان ملک تیمور حیات خان نون، صدر شوکت علی چدھڑ اور جنرل سیکرٹری سید وقار حسین رضوی نے میلے کے انعقاد میں مرکزی کردار ادا کیا۔ چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ:
“زرعی نمائشوں اور میلوں کا مقصد کسانوں کو جدید سہولیات اور عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے، یہ سلسلہ آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔”
زرعی کمپنیوں اور اداروں کی شرکت
میلے میں زرعی تحقیقاتی اداروں، بیج کمپنیوں، کھاد ساز اداروں اور زرعی مشینری تیار کرنے والے اداروں نے اپنے اسٹالز پر معلومات فراہم کیں۔ کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی، بیجوں کے معیار، کھاد کے درست استعمال اور اسپرے تکنیک کے بارے میں عملی راہنمائی دی گئی۔
حکومتی و نجی نمائندوں کی شرکت
تقریب میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا شیریں گل، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین، ملک سیف اللہ نون، میاں محمد اجمل، حاجی محمد اسلم ٹاٹری، چوہدری ذکاءاللہ وڑائچ، چوہدری فیصل ممتاز چدھڑ، چوہدری حسن نواز وڑائچ، چوہدری عابد ممتاز وڑائچ سمیت متعدد شخصیات شریک تھیں۔