حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے کا طے کرے گی: وفاقی وزرا

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے کا طے کرے گی، یہ بھی دیکھا جائے گا کہ پارٹی کے دیگر ارکان بھی نا اہل ہوں گے یا نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین پر حقائق چھپانے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کا فل بنچ معاملے کی سماعت کرے۔

رانا ثنا اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کروڑوں روپے کے فنڈز لے کر اپنی سیاست چمکائی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے، آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، انہوں نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانے ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا، عمران خان کا منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانا ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا، الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جو فیصلہ آیا ہے عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور عملہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور کہا کہ گذشتہ روز جب ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا تھا تو پوری قوم اپنے فوجی بھائیوں کی سلامتی کیلئے دعاگو تھی۔ ابھی ابھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار پاک فوج کے افسران اور عملہ شہید ہو چکا ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ ﷲ تعالیٰ شہدا کے خاندانوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قرآن پاک میں ملک کیلئے جان دینے والوں کے حوالہ سے اﷲ تعالیٰ کا واضح حکم ہے کہ ان کو مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے، یہ صدمہ ہم سب کیلئے ناقابل برداشت ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ﷲ تعالیٰ ہمارے شہیدوں اور قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے صدقے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے، بلوچستان سمیت ملک میں سیلاب میں گھرے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں