حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے نیشنل ایکشن پلان دے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پر خاموشی نے ثابت کر دیا کہ بے حس حکمرانوں کو کشمیریوں کے خون کی کوئی پروا نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کشمیر کی آزادی کے لیے نیشنل ایکشن پلان دے۔

حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بائیس کروڑ عوام مہنگائی کے سونامی، حکمرانوں کی نااہلی اور ناکامی کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سالوں میں معیشت اور معاشرت تباہ کر دی۔ وزیراعظم اپنے وعدوں اور دعوﺅں کو یاد کریں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عوام کو وعدوں پر ٹرخانے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ حکومت نے لاکھوں گھروں کی تعمیر، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کیا اور عوام کو دھوکا دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کی ہمت اور سمت نہیں ہے تو گھر چلے جائیں۔ پڑھے لکھے نوجوان چوکوں چوراہوں میں مزدوری کے انتظار میں بیٹھے ہیں۔ ادھر حکومت سب کچھ بیچ دو کی پالیسی پر کاربند ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے ڈھائی برس میں ملک کو عالمی مالیاتی اداروں کے حوالے کردیا۔ جماعت اسلامی پرائیوٹائزیشن کی مزاحمت کرے گی۔ حکومت کو لاکھوں خاندانوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
 

اپنا تبصرہ بھیجیں