لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب کےخلاف مقدمہ مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں عوام کو اکسانے کی 153 اے اور 505 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹی وی کے پروگرام میں امجد شعیب نے عوام کو بغاوت پر اکسایا، بیان میں سرکاری ملازمین اور اپوزیشن کو سرکاری قانونی فرائض سے روکنے پر اکسایا گیا۔
درج مقدمے کے مطابق ان کے بیان سے ملک میں بے چینی، بے امنی اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، حکومت اور حزبِ اختلاف میں دشمنی، اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلانے کی کوشش بھی کی گئی۔
مقدمے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امجد شعیب کی جانب سے حکومت، اپوزیشن اور سرکاری ملازمین میں نفرت پیدا کر کے ملک کو کمزور کرنے کی سازش بھی کی گئی ہے۔