ایوان بالا میں حکومت کامیاب ہوگی، اتحادیوں کو مایوس نہیں کرینگے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پہلے ڈھائی سال پارلیمنٹ میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے قانون سازی میں مشکلات پیش آئیں، امید ہے سینیٹ میں اکثریت کے بعد ہمارے لیے قانون سازی آسان ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بات سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرانے نظام کی تبدیلی بغیر قانون سازی کے ممکن نہیں، وزیراعظم عمران خان اگلے دو سالوں میں ہماری پوری کوشش عوامی مفاد کی قانون سازی پر ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ مہنگائی سمیت مسائل سے آگاہ ہوں۔ ہم نے معیشیت کو ٹریک پر کھڑا کر دیا ہے۔ معیشت کا ڈھانچہ ٹھیک نہ ہو تو وقتی ریلیف کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو ایسا نظام دینا چاہتے ہیں جو دیرپا اور نتیجہ خیز ہو۔ پرانے نظام کو ختم کرکے نیا سسٹم لانے میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اتحادیوں کے تحفظات سے آگاہ ہوں، انھیں مایوس نہیں کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ابھی تک ہمارے سینیٹرز کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں۔ ہم نے نظام کو شفاف بنانا ہے تاکہ کرپشن کی گنجائش نہ ہو۔ انشاء اللہ ایوان بالا میں ہم کامیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینیٹرز سے گفتگو میں سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے طریقہ پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں