عمران خان مافیا کا سربراہ ہے، اسےرخصت کرنے کا وقت آ گیا: مریم نواز

نوشہرہ: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ وقت جلد دور نہیں جب عوام ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیں گے۔ ملک میں مافیا کا سربراہ اور سرغنہ عمران خان ہے۔ اسے رخصت کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

نوشہرہ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، جے یو آئی ف، مولانا فضل الرحمان اور خصوصی طور پر مولانا عطاء الرحمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کیا اور اپنے امیدوار کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرایا۔ اپنی عزت اور حوصلہ افزائی کی بھی مشکور ہوں۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ ڈسکہ جاؤں اور نوشہرہ نہ جاؤں، مجھے پشتو زبان سے بہت پیار ہے۔ مجھے جتنی ہمدردی پنجاب سے ہے، سندھ سے ہے، بلوچستان سے ہے اس سے زیادہ ہمدردی خیبرپختونخوا سے ہے،اس کی وجہ نالائقی ، چوری اور ڈکیتی سمیت دیگر مسائل صوبہ 8 سال سے برداشت کر رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور میں غریب کا چولہا جل رہا تھا، سابق دور میں آٹا، چینی، دالیں، انڈے سستے تھے، سابق حکومت میں گیس اور پٹرول سستا تھا۔ کے پی کے پولیس مجھے کہہ رہی ہے کہ اس نا اہلی سے جان چھڑاؤ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں