بیلٹ اوپن کریں یا سیکرٹ بِکنے والے بکیں گے، شیخ رشید

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں بیلٹ اوپن کریں یا سیکرٹ جس نے بکنا ہے وہ بِک جائے گا۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ایک ووٹ کم یا زیادہ ہونے سے قیامت نہیں آ جائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن ہو رہےہیں، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) والے جس اسمبلی کو گالی دیتے ہیں اسی سے ووٹ مانگے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قدم قدم پر رکاوٹ ملے گی، قانون کےدائرےمیں نہ رہے توشیخ رشید آگے ہوگا، مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی پیشکش واپس لیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری  میرے دل کے  قریب ہیں اور میرے دل کی بات سمجھتے ہیں۔ آصف زرداری کو بھی یہ بات سمجھ آگئی ہے۔ دھرنابہت مشکل کام ہے، ہمارا 126 دن دھرنے کا تجربہ ہے۔ 

وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں معیشت ترقی کررہی ہے، جو لوگ فوج کوگالیاں دیتے ہیں ان کی زبان کھینچ لینی چاہیے، پاک افواج ملک کیلئےقربانیاں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ انتشار پھیلا رہے ہیں جو پاکستان بنانے کے خلاف تھے۔

شیخ رشید احمد نے اعلان کیا کہ پاکستانی سفارتخانوں میں3 سال سے زائد ملازمت کرنے والوں کو واپس بلا رہے ہیں اور پاسپورٹ کی مدت 5 سال کے بجائے 10 سال کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں