‘وزیراعظم زمینی حقائق سے بے خبر، ٹیلی فون پر ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں’ سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹ سراج الحق نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم زمینی حقائق سے بے خبر، ٹویٹر اور ٹیلی فونز پر ملک چلانے کی کوشش کر رہے ہیں

پی ٹی آئی حکومت کو عوام دشمن اور مافیا فرینڈلی قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک کے بعد ایک بحران کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ مہنگائی کم ہوئی ہے، قوم کی زخموں پر نمک پاشی ہے۔ وزیراعظم کو بنی گالہ سے نکل کر غریب عوام کی حالت زار کو دیکھنا چاہیے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے دباﺅ پر پانچویں دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ حکمرانوں کو عالمی مالیاتی اداروں کی تابعداری کے علاوہ کچھ اور نہیں سوجھتا۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی، دال، گھی، کوکنگ آئل کی قیمتیں نوے فیصد عوام کی پہنچ میں نہیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر جل رہا ہے اور ہمارے وزیر خارجہ نئی امریکی انتظامیہ سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت داخلہ و خارجہ دونوں محاذوں پر ناکامی سے دوچار ہے۔ حکمران اپنی سمت درست کر لیں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے اقدامات اٹھائیں یا گھر جانے کی تیاری کرلیں

اپنا تبصرہ بھیجیں